
اردو ٹریبون (اوسلو) ناروے میں پاکستانی سفارتخانے نے 8 اپریل 2025 کو یومِ پاکستان کی مناسبت سے اپنی عمارت میں ایک پُروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ ناروے کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کی نائب وزیر/اسٹیٹ سیکریٹری محترمہ اسٹین ریناتے ہوہیم نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس تقریب میں نارویجن پارلیمنٹ کے اراکین، سیاست دان، اعلیٰ حکومتی حکام، سفارتی حلقوں کے نمائندے، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت پاکستانی سفارتخانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر رابعہ مصطفیٰ نے انجام دی۔ تلاوتِ کلام پاک اور پاکستان و ناروے کے قومی ترانوں سے تقریب کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں مہمانوں کو پاکستان کی معیشت، ثقافت اور سیاحت کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے والی ڈاکیومنٹری فلمیں دکھائی گئیں۔
سیاحت کے فروغ کے لیے تقریب میں ترکش ایئرلائنز اور قطر ایئر ویز کے تعاون سے تین واپسی کے ہوائی ٹکٹوں کی قرعہ اندازی بھی کی گئی۔ مہمانوں کو پاکستانی روایتی کھانے پیش کیے گئے جو انہیں بے حد پسند آئے۔ آخر میں تمام مہمانوں کو نیشنل فوڈز کے تحائف پیش کیے گئے جو فائن ڈسٹری بیوشن اے ایس نے اسپانسر کیے تھے۔
اپنے استقبالیہ کلمات میں سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور معاشی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان اور ناروے کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ روابط اور پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اسکیٹک، جوٹن پاور کوٹنگز اور ٹیلی نار مائیکروفنانسنگ بینک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا بھی حوالہ دیا۔ ساتھ ہی کشمیری اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔
مہمانِ خصوصی محترمہ اسٹین ریناتے ہوہیم نے پاکستان اور ناروے کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے 1950 کی دہائی سے پاکستان کے لیے ناروے کی ترقیاتی امداد کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے 2023 میں پاک-ناروے دوستی کی 75 ویں سالگرہ پر نارویجن وزیر اعظم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کے کردار کی تعریف کی اور کھاریاں میں “اوسلو چوک” کے افتتاح کو دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیا۔