
نسلی امتیاز کے عالمی دن 21 مارچ کے موقع پر ایتھنز میں یونانی پارلیمنٹ کے سامنے یونان میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور این جی اوز نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نسلی امتیاز کے خلاف واک بھی کی گئی۔
ایتھنز (خالد مغل) آج 21 مارچ نسلی امتیاز کے عالمی دن کے موقع پر یونان کی تمام انسانی حقوق کی تنظیمات اور این جی اوز نے ایتھنز میں یونانی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پارلیمنٹ کے سامنے نسلی امتیاز کے خلاف واک بھی کی۔ احتجاجی مظاہرے اور واک کا اہتمام گریک فورم آف مائگرنٹس نے کیا۔
اس موقع پر یونان میں مہاجرین، انسانی حقوق کے علمبرادار، کمیونٹی ایکٹیویسٹس اور مختلف مماللک کی کمیونٹیز نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر شرکا نے تقاریر کرتے ہوئے حکومتِ یونان کو یہ پیغام دیا کہ وہ یونان میں بسنے والے تارکینِ وطن کے ساتھ غیر منصفانہ رویے کو ترک کریں اور مہاجرین کے ساتھ نسلی امتیازی سلوک کو ختم کرے۔
شرکا نے مزید کہا کہ حکومت گیر دستاویزاتی تارکینِ وطن کو حراستی مراکز سے رہا کر کے انہیں دستاویزات مہیا کرے، مہاجرین کیلئے شہریت کے حصول کو اسان بنائے، رہائشی اجازت ناموں کی تجدید کے درینہ مسئلے کو فوری حل کرے، تارکینِ وطن کی پینشنوں میں رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے، یونان میں کشتی اور ٹرین حادثوں میں ملوث افراد کو ان کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔
یونان ٹرین اور کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے 1 منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ ایتھنز کے علاوہ یونان کے دوسرے بڑے شہر تھاسالونیکی، لاریسا اور لیزووس میں بھی نسلی امتیاز کے عالمی دن کی مناسبت سے احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے۔