سویڈن: شب معراج ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا مالک ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج القران انٹرنیشنل سویڈن کے زیراہتمام سٹاک ہوم میں معراجﷺ کانفرنس کا انقعاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی سیاسی، سماجی، مذہبی، صحافتی، کاروباری شخصیات اور عاشقان رسولﷺ نے بھرپور شرکت کی، یورپ بھر سے چیدہ چیدہ شیخصیات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور تین خوش نصیبوں کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کے ٹکٹس دیئے گئے۔
اُردو ٹریبئیون (ڈیسک رپورٹ) کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہی سے کیا گیا جس کی سعادت قاری نوید احمد نے حاصل کی، ثنا خوانوں نے مدحت مصطفیﷺ پڑھ کر سماں باندھ دیا، معروف نعت خواں سجاد حسین قادری نے منقبت پڑھ کر خوب داد وصول کی۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ معراج البنیﷺ انسانی عقل سے ماورا معجزہ ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبیﷺ کو مکان و لامکاں کی وسعتوں میں سے نکال کر اپنے قرب کی حقیقت عطا فرمائی جس کا گمان بھی عقل انسانی میں نہیں آ سکتا تھا۔ حضورﷺ کے باقی تمام معجزات اور دیگر انبیاء و رسل کے تمام معجزات ایک طرف اور حضورﷺ کا معجزۂ معراج ایک طرف، تمام معجزات مل کر بھی معجزۂ معراج کی ہمہ گیریت اور عالمگیریت کو نہیں پہنچ سکتے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ آقائے دوجہاںﷺ نے فرمایا کہ میں مکہ سے اٹھا اور براق پر سوار ہو کر بیت المقدس پہنچا، وہاں سے آسمانوں اور پھر وہاں سے عرشِ معلیٰ تک گیا حتیٰ کہ مکان و لامکاں کی وسعتیں طے کرتا ہوا مقامِ قاب و قوسین پر پہنچا اور پھر حسنِ مطلق کا بے نقاب جلوہ کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر صدر منہاج القران انٹرنیشنل سویڈن شیخ بابر شفیع نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، امت مسلمہ کی سربلندی دین متین کی سرافرازی اور ملک پاکستان کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔