ناروے: پاکستان اور ناروے کے درمیان فلائٹ آپریشنز میں اہم پیش رفت، فلائی جناح کو پروازوں کی توثیق، فلائٹ آپریشن جلد شروع ہونے کا امکان، سفیر سعدیہ الطاف قاضی
اردو ٹریبون (اوسلو، ناروے) پاکستان اور ناروے کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جب نارویجن وزارت نقل و حمل نے پاکستان کی ایئرلائن “فلائی جناح” کو پاکستان اور ناروے کے درمیان فلائٹ آپریشن کے لیے باضابطہ طور پر توثیق کر دی ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے علاوہ فلائی جناح کو بھی ناروے کے ساتھ پروازوں کے لیے نامزد کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
اس توثیق کا تعلق 2014 میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے ہوائی روابط کے معاہدے کی شق 3(1) سے ہے، جو دونوں فریقوں کو اپنی قومی ایئرلائنز کی نامزدگی کے اختیار اور طریق کار کی اجازت دیتا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ہوائی سفر کی سہولت کو بڑھانا اور عوام کو زیادہ سفری مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر ناروے میں تعینات پاکستانی سفیر محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے کہا، “پاکستان اور ناروے کے دیرینہ تعلقات کا یہ ایک اور مثال ہے۔ ناروے میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے، اور ان میں سے سینئر شہری پاکستان جانے کے لیے کم دورانیہ کی فلائٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔ فلائی جناح کی پرواز، جو اوسلو سے لاہور کے درمیان شروع ہوگی، انہیں کم دورانیے اور بجٹ کے لحاظ سے بہترین آپشن فراہم کرے گی۔”
سعدیہ الطاف قاضی نے مزید کہا کہ “ہمیں امید ہے کہ پی آئی اے کا آپریشن بھی جلد ناروے میں شروع ہو جائے گا، جو دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا باعث بنے گا۔”
پاکستان اور ناروے کے درمیان یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کی ہوا بازی کی صنعت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، بلکہ یہ ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔