ناروے: نارویجین سیاست میں ریکارڈ توڑ امداد، دائیں بازو کی جماعتوں کے لیے بڑی جیت، ارب پتی سٹین ایرک ہیگن نے دائیں بازو کے لیے 14 ملین کرونر کی بارش کر دی
سٹین ایرک ہیگن کی ریکارڈ توڑ سیاسی عطیات، دائیں بازو کی حمایت میں 14 ملین کرونر
اردو ٹریبون (اوسلو، ناروے) معروف نارویجین صنعتکار اور ارب پتی، سٹین ایرک ہیگن، نے دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کو 14 ملین کرونر کا ریکارڈ توڑ عطیہ دیا ہے۔ یہ رقم نارویجین پارلیمانی انتخابات سے قبل دائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت کے لیے دی گئی ہے۔
ہیگن کا کہنا ہے کہ یہ عطیہ ایک بورژوا حکومت کے قیام کی کوششوں کے لیے ہے، جو نارویجین معیشت کو مضبوط کرے، نجی ملکیت کی حوصلہ افزائی کرے، اور ملکی ترقی کی نئی راہیں کھولے۔
دائیں بازو کو مالی امداد کی تقسیم، ہیگن کی کمپنی، کینیکا، نے کس جماعت کو کتنی امدادی رقم دی
ہائیری (Høyre): 5 ملین کرونر
فریمسکریت پارٹی (FrP): 7 ملین کرونر
کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی (KrF): 1 ملین کرونر
وینسترے (Venstre): 1 ملین کرونر
فریمسکریت پارٹی کو اضافی 2 ملین کرونر 2024 میں تنظیمی ترقی کے لیے دیے جائیں گے، جس سے اس کی کل رقم 7 ملین کرونر ہو گئی ہے۔
ہیگن نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ نارویجین عوام کے لیے ایک ایسی حکومت ہو جو عوام کو اپنی معیشت اور زندگی کے فیصلوں پر زیادہ اختیار دے، صحت کی سہولیات کو بہتر کرے، اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرے۔
ہیگن نے موجودہ حکومت، جس کی قیادت یوہانس گاہر سٹورے اور ٹرائگ وے سلم ویڈم کر رہے ہیں، پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک حالیہ سروے کا حوالہ دیا جس میں صرف 3 فیصد کاروباری رہنماؤں نے موجودہ حکومت کی حمایت کی، اور کہا کہ یہ حکومت نارویجین عوام کی امنگوں پر پورا نہیں اتر رہی۔
ہیگن نے اشارہ کیا کہ بائیں بازو کی جماعتیں، خاص طور پر لیبر پارٹی (Ap)، لیبر یونینز اور دیگر تنظیموں سے زیادہ مالی امداد حاصل کرتی ہیں۔ 2019 سے 2023 کے درمیان، لیبر پارٹی نے 136.6 ملین کرونر اکٹھے کیے، جبکہ ہائیری نے 66.1 ملین کرونر جمع کیے۔
ٹیکس سرمایہ کاری کی صلاحیت کو کمزور کرتا ہے، ہیگن کا فورموس اسکیٹ پر موقف
ہیگن نے فورموس اسکیٹ (wealth tax) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جسے وہ نارویجین سرمایہ کاروں کے لیے غیر منصفانہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس سرمایہ کاری کی صلاحیت کو کمزور کرتا ہے اور ملکی کاروبار کو نقصان پہنچاتا ہے۔
ہیگن کا عطیہ نارویجین سیاست میں مالی معاونت کے حوالے سے ایک نیا باب کھولتا ہے۔ یہ نہ صرف دائیں بازو کی جماعتوں کے لیے ایک مضبوط حمایت ہے بلکہ نارویجین سیاست میں سرمایہ کاروں کے کردار پر بھی ایک دلچسپ بحث کا آغاز کر سکتا ہے۔
Stein Erik Hagen . Photo credit NRK