یونان: کریتی جزیرہ پر کشتیوں کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق درجنوں لاپتہ

جنوبی یونان کے معروف جزیرہ کریتی کے ساتھ ایک چھوٹے سے جزیرہ غاودوس میں کشتیاں الٹنے کے واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 39 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ ابھی تک درجنوں افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ایتھنز (خالد مغل) گزشتہ روز الگ الگ واقعات میں مالٹا کے جھنڈے والے مال بردار جہاز نے گاودوس جزیرے سے تقریباً 40 ناٹیکل میل جنوب میں ایک کشتی میں سوار 47 تارکین، جب کہ ایک برطانوی پرچم والے ٹینکر کے ذریعے دیکھے گئے دیگر 88 افراد کو امدادی کاروائیاں کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یونانی کوسٹ گارڈ کو بھی مطلع کر دیا تھا جنہوں نے ریسکیو کاروائیاں سر انجام دیں۔

حادثے میں زندہ بچ جانے والے خوشنصیب افراد کو کریتی جزیرے کے ہسپتال اور محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جن میں اکثریت پاکستانیوں کی ہے۔ جبکہ درجنوں افراد ابھی تک لاپتہ ہیں اور یونانی کوسٹ گارڈ اور یونانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹرعلاقے میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ابھی تک لاپتہ افراد کی درست تعداد یا یہ تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ ان کا تعلق کن ممالک سے ہے۔

کشتیوں پر بنگلہ دیشی، سوڈانی، سیرین اور بڑی تعداد میں پاکستانی شہری سوار تھے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام کا خیال ہے کہ یہ کشتیاں لیبیا سے ایک ساتھ روانہ ہوئی تھیں۔

سفارت خانہ پاکستان ایتھنز کا کرائسز مینجمنٹ سیل (Crisis  Management  Cell) فوری حرکت میں آ گیا ہے. کل رات ایتھنز میں سفارت خانہ پاکستان نے اپنی ایک پریس ریلیز کے ذریعے کشتیوں پر سوار لاپتہ ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے ایمرجنسی رابطہ نمبر بھی جاری کیا ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کشتیوں کے حادثے اور ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ پاکستان محسن نقوی کو معصوم پاکستانیوں کی جانوں سے کھیلنے والے انسانی اسمگروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں