پاکستان: یورپ میں رہنے والےپاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، یورپی یونین نے پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کر دی۔
یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی ختم کردی
اردو ٹریبون، ڈیسک (السلام آباد، پاکستان) تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی (ایوی ایشن) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے ) پر یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے عائد کردہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، پابندی ہٹنے سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں فائدہ ہوگا، اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس کے خاتمے کے لیے بہت محنت کی۔
دوسری جانب پی آئی اے کےترجمان نے بیان میں کہا کہ یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستانی ائیرلائنزسے پابندی اٹھانے کا فیصلہ ہوگیا ہے جس سے پی آئی اے اور ایئر بلیو کو تھرڈ کنٹری آپریٹر کی اجازت مل گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جولائی 2020 میں اس وقت کے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے پارلیمنٹ میں پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے انکشاف اور مشکوک لائسنس کا اسکینڈل سامنے آیا تھا جس پر یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے سمیت تام پاکستانی ائیر لائنز پر برطانیہ اور یورپ آنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔