پاکستان: پی آئی اے نے یورپ پروازوں کے لیے متوقع شیڈول جاری کردیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (PIA) کی یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے لیے تیاریاں شروع
اردو ٹریبون(اسلام آباد، پاکستان) زرائع کے مطابق پی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کے لیے یورپی یونین اور برطانیہ میں دوبارہ آپریشن شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور حالیہ رپورٹس کے مطابق، جلد ہی پروازیں بحال ہونے کا امکان ہے۔ پاکستانی حکام نے ضروری اقدامات اور معیارات پورے کیے ہیں، اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) سے حتمی منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے نے اس سلسلے میں لندن، مانچسٹر اور برمنگھم جیسے اہم ہوائی اڈوں کے لیے کیٹرنگ خدمات کے ٹینڈرز بھی جاری کر دیے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پروازیں جلد بحال ہو سکتی ہیں۔ توقع ہے کہ ان پروازوں کے دوبارہ آغاز سے پاکستانی مسافروں اور معیشت کو فائدہ ہوگا۔
پروازوں کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے
فی الحال پی آئی اے کی جانب سے یورپ کے لیے پروازوں کا تفصیلی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم، حکام نے اعلان کیا ہے کہ پروازوں کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) کی جانب سے منظوری کے بعد شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
اب تک کی معلومات کے مطابق، ابتدائی پروازیں پیرس، لندن، اور مانچسٹر کے لیے متوقع ہیں، اور یہ پروازیں 2024 کے آخر یا 2025 کے اوائل میں شروع ہو سکتی ہیں، لیکن حتمی تاریخ کا تعین منظوری اور تیاریوں پر منحصر ہے۔