ڈاکٹر حسن قادری کی کتاب دستور مدینہ کی ایتھنز میں تقریبِ رونمائی
“میثاقِ مدینہ نہ صرف دنیا کا پہلا تحریری دستور ہے بلکہ جدید دساتیر کا منبع و ماخذ بھی ہے، آج کے دساتیر اس کے سیاسی، تعلیمی، عدالتی اور انتظامی اصولوں سے راہنمائی لیتے ہیں” ۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
ایتھنز (خالد مغل) منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان (M.Q.I) کے زیر اہتمام ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہ آفاق کتاب “دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور” کی ایتھنز کے مقامی ہال میں تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب میں یورپ بھر سے چیدہ چیدہ شخصیات شریک ہوئیں، جن میں سفارتخانہ پاکستان یونان کے قائم مقام سفیر عظیم خان، یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی، سماجی، مذہبی، صحافتی اور بزنس فورمز کے وفود شامل تھے۔
تقریب کے مقررین کا کہنا تھا کہ یہ کتاب امت مسلمہ کے لیے ایک نایاب تحفہ ہے۔ موجودہ دور میں ایسی مدلل اور جامع کتاب کی اشد ضرورت تھی، جسے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بہترین انداز میں پورا کیا۔ مقررین نے اس عظیم علمی و تحقیقی کاوش پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی یہ تصنیف آنے والی نسلوں کے لیے حکمت کا گوہر ثابت ہوگی اور تمام اقوام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل (M.Q.I) ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے “دستورِ مدینہ” کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عموماً کہا جاتا ہے کہ دستورِ مدینہ صرف تاریخ کی کتابوں میں موجود ہے، لیکن اللہ کی توفیق سے ہم نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اس کی حقانیت کو ثابت کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ “دستورِ مدینہ” محض ایک معاہدہ نہیں بلکہ ایک مکمل اور اولین تحریری دستور ہے۔ انہوں نے اس دستور کے 63 آرٹیکلز سے 73 آئینی اصول اخذ کیے اور ان کا موازنہ امریکی، برطانوی اور یورپی دساتیر کے ساتھ کیا تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ آج سے تقریباً ساڑھے چودہ سو سال قبل نبی دو جہاں ﷺ کی طرف سے عطا کردہ یہ پہلا تحریری آئین عصرِ حاضر کے تمام دساتیر پر فائق ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان ارسلان خرم چیمہ نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔