ناروے: دہشت گردی کے خطرے کے باعث سیکیورٹی ہائی الرٹ، بارڈر کنٹرول سخت کردیا گیا
اردو ٹریبیون (ویب ڈیسک) ناروے میں حالیہ دنوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے اہم خبریں سامنے آئی ہیں۔ پولیس سیکیورٹی سروس (PST) نے دہشت گردی کے خطرے کی سطح کو بڑھا کر “ہائی” کر دیا ہے، جو پانچ سطحی پیمانے پر دوسری سب سے زیادہ خطرے کی سطح ہے۔ اس فیصلے کی وجہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خدشات ہیں، خاص طور پر اسرائیل اور حزب اللہ کے تنازعے اور آنے والے یہودی تہواروں کے تناظر میں۔
ناروے میں سیکیورٹی اقدامات کے طور پر حساس مقامات، جیسے ہوائی اڈوں، سرکاری عمارات، اور پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز پر نگرانی اور حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر، ناروے میں عام طور پر بغیر ہتھیاروں کے گشت کرنے والی پولیس اب ہتھیاروں کے ساتھ ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے۔
مزید ناروے نے سویڈن، فن لینڈ اور روس کے ساتھ اپنی سرحدوں پر کنٹرول مزید سخت کر دیا ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کو کم کرنا ہے اور اس دوران لوگوں کو بارڈر پر سخت چیکنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے