آسٹریا: ویانامنہاج القران انٹرنیشنل اسٹریا میں گیارہویں شریف کے سلسلے میں روحانی محفل کا انعقاد،عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی کی خصوصی شرکت
رپورٹ :محمد عامر صدیق
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی کی منہاج القران انٹرنیشنل میں گیارہویں شریف کے سلسلے میں محفل میں خصوصی شرکت۔قاری سید صداقت علی عالمی شہرت یافتہ ، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور دیگر ٹیلی ویژن نیٹ ورکس اور پوری دنیا میں قرآن مجید کی تلاوت کے شعبے میں ایک عرصے سے اپنی آواز کے جادو سے ایک عالم کو مسحور کیے ہوئے ہیں ، 23 مارچ 2015ء کو انہیں ستارہ امتیاز دیا گیا۔ قاری سید صداقت علی کو اس سے قبل ان کی قرات کے حوالے سے حکومت پاکستان کے صدارتی تمغہ حسن کار کردگی سے اس وقت کے صدر جنرل ضیاء الحق نے 1988ء میں نوازا جا چکا ہے۔ 2020ء میں ہلال امتیاز سے نوازے گئے۔ قلوب و اذہان کو نور ایمان سے منور کرنے کے لیے منہاج القران انٹرنیشنل اسٹریا کے صدر حفیظ اللہ قادری کی سربراہی میں محفل شروع ہوئی۔
جس میں خصوصی طور پر سفارتخانہ پاکستان کے اسٹاف پاکستانی کمیونٹی کی سماجی و کاروباری شخصیات اور فیملیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تلاوت قران پاک کے بعد آسٹریا کے مختلف نعت خوانوں نے نعتیں پیش کی۔ اس موقع پر قاری سید صداقت علی نے اپنی خوبصورت اور پیاری آواز میں تلاوت قرآن پاک سے مشام جاں کو معطر فرمایا اور خصوصی نعت شریف صلوۃ و سلام پیش کیا۔ تقریب میں حاضرین شرکاء ماشاء اللہ سبحان اللہ کہہ کر قاری سید صداقت علی کو خوب سراہتے رہے۔ قاری سید صداقت علی شاہ نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں فلسطین و کشمیر کے مسلمانوں و پاکستانی عوام کی خوشحالی اور پاکستان کی ترقی افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔تقریب میں نظامت کے فرائض صدر منہاج القران آسٹریا حفیظ اللہ قادری نے ادا کرتے ہوئے آخر میں حاضرین شرکاء محفل کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں نمازِ مغرب گیارہویں شریف کے حوالے سے شرکاء میں لنگر و نیاز تقسیم کی گئی۔