معروف انقلابی گوریلا ارنسٹو چی گویرا کی بیٹی آلیدا گویرا کی یونان آمد پر ایتھنز میں مختلف ممالک کی کمیونٹیز سے ملاقات کے دواران فلسطینیوں کیلئے اقوامِ عالم کو پیغام
معروف کیوبن انقلابی گوریلا ارنسٹو چی گویرا کی بیٹی آلیدا گویرا ایک پیشہ وارانہ بچوں کی ڈاکٹر ہیں اور ان دنوں یونان میں اپنی کتاب (والد کی وفات کے بعد 50 سال) کی رونمائی کے سلسلے میں ایتھنز میں موجود ہیں۔
ایتھنز (ڈیسک رپورٹ) اپنے دورے کے پہلے روز انہوں نے ایتھنز کے مرکز میں گریک فوروم آف مائگرنٹس کے دفتر میں یونان میں مقیم مختلف ممالک کی کمیونٹیز سے ملاقات کی اس موقع پر پاکستان کمیونٹی یونان کی جانب سے سابق صدر پاکستان جرنلسٹس کلب یونان اور یورپین ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس گلوبل کے سیکریٹری انفارمیشن خالد مغل اور چوہدری محمد ندیم نے ان سے خصوصی طور پر ملاقات کی۔
اس موقع پر آلیدا گویرا نے کہا کہ فلسطین میں درندہ صفت اسرائلیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف اقوامِ عالم اور بلخصوص مسلمان ممالک نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ اس وحشیانہ عمل کو روکنے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ اسرائیل کا ہدف صرف فلسطین ہی نہیں بلکہ ان کا اگلا ہدف مسلم ممالک بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت بچوں کے ڈاکٹر وہ فلسطین جانا چاہتی ہیں مگر انہیں وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ وہ ہوانا کے ولیم سولر چلڈرن ہسپتال میں ایک ڈاکٹر ہیں اور وہ انگولا، ایکواڈور اور نکاراگوا میں بطور معالج کے کام کر چکی ہیں۔
خالد مغل کے ایک سوال: کیوبا اور پاکستان کے تعلقات کیسے ہیں پر انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نہایت خوشگوار ہیں۔ ماضی میں پاکستان میں آنے والے خوفناک زلزلے میں کیوبا نے ڈاکٹروں کی امدادی ٹیم بھی پاکستان روانہ تھی۔
انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد چی گویرا کہا کرتے تھے کہ یکجہتی ہی وہ ہتھیار ہے جس سے کمیونٹیز اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہیں ورنہ معاشرے میں ان کے پاس کوئی حق باقی نہیں رہ جاتا اور مجھے آج مختلف ممالک کی کمیونٹیز کو ایک ساتھ دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
یونان میں مقیم مختفل کمیونٹیز نے انہیں اپنے روایتی کھانے پیش کئے اور اس موقع پر انہیں پاکستانی بریانی اور سموسمہ بھی پیش کیا گیا جو کہ انہیں بےحد پسند آئے۔ وہ مہاجرین میں گھل مل گئیں اور ان کے بچوں کو گلے سے لگا لیا۔
جارجین کمیونٹی نے اپنے روایتی رقص اور موسیقی سے رنگ بکھیر دیئے جسے انہوں نے خوب سراہا۔