لبنان پر اسرائیل نے زمینی حملہ شروع کردیا
جنوبی لبنان پر اسرائیلی ٹینک اور آرٹیلری کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کابینہ کی منظوری کے بعد زمینی پیش قدمی شروع کردے گی۔
اسرائیلی عہدیداران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب بستیوں کو فوجی چھاؤنیاں قرار دے دیا ہے، اسرائیلی سرحد کے ساتھ لبنانی آرمی نے اپنے اڈے چھوڑ دیے ہیں، جبکہ ایئر فرانس نے بیروت اور تل ابیب کے لیے 8 اکتوبر تک پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اسپیشل فورسز نے لبنانی سرزمین پر ممکنہ زمینی حملے کی تیاری کے سلسلے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں
امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا کا خیال ہے اسرائیل جنوبی لبنان میں محدود زمینی دراندازی شروع کرسکتا ہے، اسرائیلی کارروائی پہلے سے طے شدہ منصوبے کی نسبت محدود ہوگی۔
دوسری جانب لبنانی حکام کے مطابق بیروت کے جنوب میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد شہید ہو گئے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں میں لبنان میں ہونے والی شہادتوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔ شہید ہونے والوں میں فلسطینی لبریشن فرنٹ کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔
حزب اللّٰہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیلی زمینی حملے کے لیے تیار ہے اور تنظیم کا نیا سربراہ اندرونی طریقہ کار کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔