یونان: انٹرنیشنل ٹریڈ فئیر 2024 میں پاکستانی مصنوعات نے دھوم مچا دی، سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی کی قیادت میں پہلی مرتبہ سفارت خانہ پاکستان ایتھنز خود اس نمائش میں بڑے پیمانے پر حصہ لے رہا ہے
یونان کے شہر تھاسالونیکی میں ان دنوں ہونے والی مشرقی یورپ کی سب سے بڑی نمائش 88ویں تھاسالونیکی انٹرنیشنل ٹریڈ فئیر 2024 میں پاکستانی مصنوعات کی دھوم مچ گئی۔ نمائش میں دنیا بھر سے مختلف ممالک نے اسٹالز لگائے، سفارتخانہ پاکستان ایتھنز تاریخ میں پہلی مرتبہ خود حصہ لے رہا ہے۔
ایتھنز (خالد مغل) یونانی وزیر اعظم کیریاکوس میچوتاکی اور جرمن وائس چانسلر، رابرٹ ہیمبیک نے یونان میں مشرقی یورپ کی سب سے بڑی 9 روزہ نمائش (88ویں تھاسالونیکی انٹرنیشنل ٹریڈ فئیر 2024) کا افتتاح کر دیا ہے جوکہ 15 ستمبر تک یونانی کے شہر تھاسالونیکی میں جاری رہے گی۔
اس نمائش میں سفارت خانہ پاکستان ایتھنز پہلی مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کو بڑے پیمانے پر متعارف کرا رہا ہے۔ جس کی سربراہی یونان میں تعینات سفیر عامر آفتاب قریشی خصوصی طور پر خود کر رہے ہیں۔
نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو بڑے پیمانے پر پروموٹ کیا جا رہا ہے جن میں سرجیکل، چمڑے، ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، زرعی مصنوعات اور پھلوں کے علاوہ سیاحت سمیت کارپٹس انڈسٹری کو متعارف کرایا گیا۔ پاکستانی اسٹال پر ہاتھوں سے تیار شدہ مختلف چیزیں عوام کی توجہ کی مرکز رہیں اور لوگوں نے ان چیزوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی ثقافت اور ملبوسات کو خوب سراہا ہے۔
یونان میں تعینات پاکستان کے سفیر عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ تھاسالونیکی انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں پاکستانی مصنوعات کو نہ صرف پزیرائی ملے گی بلکہ ملکی معیشت کو اور کاروباری طبقے کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس نمائش میں سفارت خانہ پاکستان ایتھنز پاکستانی مصنوعات کی خود نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی نمائش کر رہا ہے اور انشا اللہ اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے جس سے وطنِ عزیر پاکستان کا تجارتی دنیا میں بھی نام روشن ہوگا۔