پاکستان: احتجاج ہوگا احتجاج ہوگا، عمران خان
اگر مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں مانا تو ہم احتجاج کریں گے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی
بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور اب سپریم کورٹ پر بھی حملے کر رہے ہیں۔
اردوٹریبیون (ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر آپ پاکستان میں آئین توڑیں گے تو نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں پڑ چائے گا،یہ سُپریم کورٹ کا فیصلہ اس لیے نہیں مان رہے ہیں کیونکہ قاضی فائز عیسیٰ کو مزید بٹھانا چاہتے ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کو روکنے کے لیے انہوں نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی ہے اور اب یہ آئین میں بھی ترمیم کرکےدو تہائی اکثریت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کال دینے لگا ہوں لاوا پکا ہوا ہے لوگ تیار ہیں،حکومت نے اگر مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں مانا اور چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دے رہے، پہلے اُنہوں نے 2 صوبوں میں الیکشن نہ کروا کر آئین کی خلاف ورزی کی، اب سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کر کے دوبارہ آئن شکنی کی جا رہی ہے، اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانا گیا تو ہم سٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے۔