پاکستان: پاکستانی قونصلیٹ جرمنی میں شر پسند عناصر کا حملہ، غیر ملکی سفارتخانوں کے تحفظ فراہم کرنے میں جرمن حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ویانا کنونشن آن قونصلر ریلیشنز 1963 کے تحت یہ میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر کے احاطے کے تقدس کا تحفظ کرے اور سفارت کاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے، ترجمان دفتر خارجہ

اردو ٹریبیون (پ ر) اسلام آباد۔ گزشتہ روز جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرمن حکوت غیر ملکی سفارتخانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ویانا کنونشن آن قونصلر ریلیشنز 1963 کے تحت یہ میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر کے احاطے کے تقدس کا تحفظ کرے اور سفارت کاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

گزشتہ روز کے واقعے میں، فرینکفرٹ میں پاکستان کے قونصل خانے کی سیکیورٹی کو پامال کیا گیا، جس سے قونصلر کے عملے کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوگیا۔ ہم جرمن حکومت کو اپنا شدید احتجاج پہنچا رہے ہیں۔ ہم جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور جرمنی میں پاکستان کے سفارتی مشنز اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

پاکستان جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں اپنے قونصل خانے پر شدت پسندوں کے ایک گروہ کے حملے اور اپنے قونصلر مشن کے احاطے کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں جرمن حکام کی ناکامی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہم جرمن حکام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کل کے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کے لیے فوری اقدامات کریں اور سیکیورٹی میں کوتاہی کے ذمہ داروں کا محاسبہ کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں