پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک بھر کے عوام سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔
10 ذی الحج 1445 کو آج پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام سے قربانی کے جذبے میں غریبوں کو بھی یاد رکھنے اور اپنی خوشیوں کا حصہ بنانے کا درس دیا۔
اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف ماڈل ٹاؤن لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی، گورنر سندھ نے کراچی کے پولو گراؤنڈ جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نماز عیدالاضحی اپنے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ادا کی۔
نماز عید کے بعد پاکستان کے کوچے کوچے میں شہری حسب استطاعت سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔ملک بھر کی صوبائی، ضلعی اور شہری انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف کرنے کے ساتھ ساتھ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔