یونان میں ایک مرتبہ پھر خوفناگ آتشزدگی نے تباہی مچا دی، کارخانے، فصلیں، مکانات اور 500 سے زائد کاریں جل کر تباہ ہو گئیں۔ خشک گرم موسم اور تیز ہواوں کے باعث یونان کے مختلف علاقے ہائی الرٹ پر ہیں۔

ایتھنز (خالد مغل) یونان کے جنوب مغرب میں واقع مختلف شہر پاترا، آرتا، ایلیاس اور جزیرہ زاکینتھوس پر خوفناک آتشزدگی نے تباہی مچا دی۔ کارخانے، زیتون کے باغ، فصلیں رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔

آگ نے آخایاس پاترا کے کسٹم یارڈ پر واقع انڈیپنڈنٹ پبلک ریونیو اتھارٹی کے احاطے پر کھڑی گاڑیوں کو بھی نہ بخشا۔

ابتدائی تخمینوں کی بنیاد پر، 550 کاریں مکمل طور پر جل گئیں۔ ان میں سے آدھے سے زائد نے اپنا لائف سائیکل مکمل کر لیا تھا، یعنی انہیں عام گاڑیوں کی طرح نیلام نہیں کیا جا سکتا تھا۔

فائر بریگیڈ کا عملہ آسمان اور زمین سے آگ بجھانے کے آپریشن اور امدادی کاروائیوں میں مصروف ہے۔

محکمہ شہری دفاع نے رہائشی علاقوں کو فوری خالی کرا لیا ہے اور مکینیوں کو بسوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

یونان میں ان دنوں موسم خشک اور گرم ہے اور تیز ہواوں کے باعث یونان کے مختلف علاقوں کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے وہاں شہریوں کو ہدایات دے دی گئیں ہیں اور فائر بریگیڈ کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

فضا سے آگ بجھانے والے ہیلی کاپٹر اور طیارے یونان کے مختلف علاقوں پر مسلسل آسمان پر پرواز کر رہے ہیں اور نگرانی کر رہے ہیں۔