یونان میں تعینات پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے معرکہ حق و جشنِ یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر بین الاقوامی سفرا کی موجودگی میں پرچم کشائی کی اور صدرِ مملکت پاکستان اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
ایتھنز (خالد مغل) دنیا بھر کی طرح آج یونان میں بھی جشن یومِ آزادی نہایت ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سفارتخانہ پاکستان ایتھنز میں تقریب پرچم کشائی کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔
یونان میں تعینات سفیر عامر آفتاب قریشی نے قومی پرچم کی دھن پر پاکستانی پرچم بلند کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی سالمیت پر کبھی انچ نہیں آنے دیں گے۔ معرکہ حق میں افواج پاکستان کی شاندار فتح پر آج دنیا پاکستان کو نئے روپ میں دیکھ رہی ہے۔ آج تجدید عہد کا دن ہے ہم سب کو مل کر آج کے دن عید کرنا ہے کہ پاکستان کے امن سلامتی اور تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔
اس پروقار تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا سمیت یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی اور پاکستان کا 78واں یومِ آزادی منایا۔
سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے پیغامات انگریزی اور اردو زبان میں پڑھ کر سنائے۔
تقریب میں بانسری اور طبلے پر قومی ملی نغموں کی دھنیں سنائی گئیں۔
تقریب میں آنے والے مہمانوں کی تواضع پاکستان کے روایتی کھانوں سے کی گئی اور پاکستانی آم بھی پیش کئے گئے جنہیں مہمانوں نے خود سراہا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سربلندی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تصویری جھلکیاں