اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کے بعد یورپ کی فٹبال کی اعلیٰ تنظیم یوئیفا (UEFA) سے اسرائیل کی رکنیت معطل کیے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ عالمی رپورٹوں کے مطابق یوئیفا کے اکثر ممبران اسرائیل کو فٹبال سے معطل کرنے کے حامی ہیں اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ اگلے ہفتے ایگزیکٹو کمیٹی کی ایمرجنسی میٹنگ میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یوئیفا کے کئی ممالک روس کی طرح اسرائیل پر بھی کھیلوں کی پابندی لگانے کے حق میں ہیں۔ اگر اسرائیل کو معطل کیا گیا تو اسے ورلڈ کپ کوالیفائرز سے بھی باہر کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سپین نے مطالبہ کیا تھا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں سے اسی طرح باہر نکالا جائے جیسے 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد روس کو نکالا گیا تھا۔ اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسرائیل کی شرکت کی صورت میں ایونٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی تھی۔
یوئیفا کے اس ممکنہ فیصلے کو یورپ میں اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف بڑھتی ہوئی مزاحمت اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔