تحریر: جواد شجاع
جادو کا ATM — ہر ناکامی کی فوری رسید
ہمارے معاشرے میں ایک دلچسپ مگر پرانا فیشن چل رہا ہے—جہاں بھی کام الٹا ہو، فوراً جادو کو الزام دے دو۔ شادی ہوئی اور لڑکے کی بہنیں بول اٹھیں: “ہائے ہائے! ہم پر بھی جادو ہو گیا۔”
کاروبار نہ چلا؟ تو بس یقین کر لیں کہ کسی نے دکان پر جادو کروا دیا۔
رشتہ نہ آیا؟ تو جناب، آپ پر تو سو فیصد جادو ہے!
امیروں پر جادو کیوں نہیں ہوتا؟
سوال یہ ہے کہ جادو ہمیشہ نقصان ہی کیوں پہنچاتا ہے؟ کبھی کسی نے یہ نہیں کہا کہ “ہمارے گھر پر جادو ہوا اور ہم امیر ہو گئے” یا “ہم پر جادو ہوا اور دکان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرنے لگی۔”
بھئی اگر جادو سے اتنے ہی کام ہو جاتے تو لڑکی والے شادی سے پہلے یہ جادو کیوں نہ کروا لیتے کہ بیٹی اور داماد زندگی بھر امیر رہیں؟ اور دکاندار یہ جادو کیوں نہ کروا لیں کہ مال گودام سے نکلتے ہی بک جائے؟
نتائج اللہ کے، بہانے ہمارے
اصل حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنی ناکامیوں کا بوجھ جادو کے سر ڈال دیتے ہیں۔ چاہے وہ ناکامی شادی میں ہو، کاروبار میں، یا کسی امتحان میں۔ کیوں کہ سچ کا سامنا کرنے سے آسان ہے کہنا کہ “ہم پر جادو ہے۔”
قرآن و حدیث کے مطابق جادو ایک حقیقت ہے، مگر ہر ناکامی کے پیچھے جادو نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ سورۃ البقرۃ (آیت 102) میں فرماتے ہیں کہ جادو اللہ کے حکم کے بغیر کسی کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ یعنی اگر ہم مضبوط ایمان، صبر اور دعا کے ساتھ اللہ پر بھروسہ رکھیں تو کوئی جادو یا نقصان ہمیں ہلا نہیں سکتا۔
محنت اور دعا — کامیابی کا اصل جادو
ہمیں چاہیے کہ ہر کام میں سب سے پہلے اپنی کوشش کریں، دعا کریں، اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں۔ اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں:
“وَاَنْ لَّيْسَ لِلْاِنْسَانِ اِلَّا مَا سَعٰى”
(ترجمہ: انسان کے لیے وہی ہے جس کی اس نے کوشش کی۔)
مگر ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ نہ کوشش کرتے ہیں، نہ دعا مانگتے ہیں، اور جیسے ہی نتیجہ ہمارے مطلب کا نہیں آتا فوراً کہتے ہیں “یہ تو جادو ہے”—جیسے ہر دکان پر دس روپے کا پیکٹ مل رہا ہو اور ہر کوئی لے اڑا ہو۔
جادو کے بہانے چھوڑو، حل ڈھونڈو
آخری بات یہ عرض ہے کہ جب بھی آپ کے کام کا نتیجہ آپ کی مرضی کے مطابق نہ آئے تو سب سے پہلے اللہ سے مدد مانگیں، پھر اس وجہ کو سمجھنے کی کوشش کریں جس سے آپ کو کامیابی نہیں ملی۔ اور ہاں! اگر آپ حلال اور جائز مقصد کے لیے مستقل محنت کریں گے تو اللہ تعالیٰ ضرور آپ کی مدد کرے گا۔ بس یقین مضبوط رکھیں، محنت کریں اور جادو کے بہانے تلاش کرنے کے بجائے حل تلاش کریں۔