اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا ہے کہ آج شہر میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، نمی کی زیادہ مقدار کے باعث درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم گرمی کی شدت 43 ڈگری سے زائد محسوس ہوگی۔
ان کے مطابق موجودہ سسٹم کے زیر اثر شہر میں سمندری ہوائیں منقطع ہیں اور بحیرہ عرب میں اس کے داخل ہونے کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج شہر کے مضافات میں کہیں گرج چمک کے بادل بھی بن سکتے ہیں، جبکہ 30 ستمبر کو کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ منگل کو شہر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش متوقع ہے۔ 29 تا 30 ستمبر کو عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، ٹھٹہ، بدین، حیدرآباد، سجاول، جامشورو اور مٹیاری میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقے بدستور گرم اور مرطوب رہیں گے، جبکہ سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث اتوار کو کراچی میں پارہ 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ روز سے 2.1 ڈگری زیادہ تھا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد رہا جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا گیا۔