اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
کراچی میں بارش تھمے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول معمول پر نہ آ سکا۔ ملکی اور غیر ملکی پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
قومی ایئر لائن نے کراچی سے اسلام آباد پرواز پی کے 300 اور اسلام آباد سے کراچی پرواز پی کے 301 منسوخ کر دی ہیں۔ اسی طرح کراچی سے روانہ ہونے والی بیشتر اندرون ملک پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں جبکہ بین الاقوامی پروازیں بھی وقت پر آپریٹ نہ ہو سکیں۔ رات گئے آپریٹ ہونے والی انٹرنیشنل فلائٹس میں بھی صرف محدود تعداد میں مسافر پہنچ سکے، جب کہ سیکڑوں مسافر پروازوں سے محروم رہ گئے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ انکوائری سے رابطے میں مشکلات اور معلومات کی عدم دستیابی نے پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 17 سے 22 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی احتیاطی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ جن میں ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت، ڈھیلے سامان کو باندھنے کے احکامات، پرندوں کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے شوٹرز کی تعیناتی اور اسپرے، نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور رن وے کی سطح کی جانچ، اور ریسکیو اور فائر فائٹنگ گاڑیوں کی چیکنگ اور آپریشنل عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات شامل ہیں
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بہتر سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم مسلسل بارشوں کے باعث آپریشنز کو متاثر ہونے سے مکمل طور پر روکا نہیں جا سکتا۔