اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آٹزم کیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن آرگنائزیشن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں خاتون اسسٹنٹ صفیہ ناز کی جانب سے ذہنی کمزوری کے شکار ایک نوعمر طالبعلم پر تشدد کیا گیا۔ یہ واقعہ 26 ستمبر کو پیش آیا اور ادارے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو نوکری سے برطرف کر دیا۔ پولیس کے مطابق ادارے کے افسر کی مدعیت میں صفیہ ناز کے خلاف مقدمہ نمبر 601/2025 درج کیا گیا ہے، جس میں دفعہ 328-A، 337-A(i) اور چلڈرن پروٹیکشن ایکٹ شامل ہیں۔
ایس ایچ او گلشن اقبال نعیم راجپوت کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور متاثرہ بچے کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ مکمل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والی خاتون کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔