اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب، عرفان علی کاٹھیا نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کا ساتواں اسپیل جاری ہے اور وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تربیلا ڈیم بھر چکا ہے اور دریائے سندھ میں ساڑھے چار لاکھ کیوسک پانی بہہ رہا ہے جبکہ دریائے ستلج میں بھی 74 ہزار کیوسک پانی داخل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے قریب آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم آئندہ 72 گھنٹے انتہائی اہم ہیں کیونکہ جہلم، چکوال اور پنڈی کے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
مری میں تعلیمی ادارے بند، شہریوں کو سفر سے گریز کی ہدایت
شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر مری انتظامیہ نے پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دو روز کیلئے تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔ مری ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے باعث سیاحوں سے مری کا سفر نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مری میں اب تک 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ مزید بارشوں کے امکانات ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔
انتظامات اور احتیاطی تدابیر
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ نالہ لئی کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا کام جاری ہے جبکہ واسا اور دیگر ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ راولپنڈی، چکوال، جہلم اور اٹک میں نکاسی آب کیلئے ہیوی مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کو بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
عرفان کاٹھیا نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، جب تک قوم اسے سنجیدہ مسئلہ نہیں سمجھے گی اس کا حل ممکن نہیں ہوگا۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کریں اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔