اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

روانگی سے قبل اور فضائی جائزے کے دوران وزیراعظم کو چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے دریاؤں میں طغیانی، زیرِآب علاقوں اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی وزیراعظم کے ہمراہ لاہور سے نارووال روانہ ہوئیں۔ دورانِ سفر دونوں رہنماؤں کے درمیان سیلابی صورتحال اور امدادی کاموں پر گفتگو ہوئی جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے مسلسل بریفنگ فراہم کی۔ نارووال پہنچنے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو متاثرین کی امداد اور بحالی کے اقدامات پر مزید بریفنگ دی جائے گی۔

بعدازاں شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی، پنجاب کی انتظامیہ نے 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں میں توقع سے زیادہ پانی آیا، گجرات اور سیالکوٹ کی صورتحال سنگین ہے تاہم انتظامیہ نے بروقت اقدامات کیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ “میں نے راوی میں کبھی اتنا پانی نہیں دیکھا، ہمیں اپنے انفرا اسٹرکچر، واٹر اسٹوریج اور ڈیمز پر کام کرنا ہوگا تاکہ بارش اور سیلابی پانی کو محفوظ کیا جا سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سیلابی پانی کو ہارویسٹ اور اسٹور کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔