اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی نیلامی پر فوری پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار لکڑی کی روایتی نیلامی کے نظام کو ختم کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اب جدید ٹیکنالوجی اور میپنگ کے ذریعے نئے اور شفاف قواعد و ضوابط تیار کیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے تحت ایندھن سمیت ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی پر تاحکم ثانی پابندی عائد رہے گی۔
پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ ماضی میں نیلامی کے نام پر جنگلات کے درخت بے رحمی سے کاٹے جاتے تھے اور آمدنی چند افراد تک محدود رہتی تھی۔ نئے اقدام کا مقصد نہ صرف جنگلات کا تحفظ ہے بلکہ زمین کو کٹاؤ سے بھی محفوظ بنانا ہے۔
محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے ڈائریکٹر جنرل کو حکم دیا گیا ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مستقبل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نیلامی سے قبل اعلیٰ معیار کی تصاویر اور وڈیوز بھی فراہم کی جائیں گی۔