اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

شہر قائد میں مختلف اقسام کے بخار سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔  سول ہسپتال کراچی کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ وائرل بخار کے مریضوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق سول ہسپتال میں یومیہ موسمی بخار، ملیریا اور ڈینگی کے تقریباً 300 کیس رپورٹ ہو رہے ہیں، جبکہ جناح ہسپتال میں بھی بخار کے روزانہ 100 سے زائد مریض لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بیماری سے بچاؤ کے لیے غیر معیاری کھانے پینے سے اجتناب کریں، ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گندگی اور آلودگی بخار اور انفیکشن پھیلنے کی بڑی وجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ افراد ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹک کا استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ صحت کے لیے مزید مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے بیماری کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔