اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
وزیرِاعظم شہباز شریف نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’بزدلانہ اور وحشیانہ اقدام‘‘ قرار دیا ہے۔
وزیرِاعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اسرائیلی فورسز کے حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے، جس میں 44 ممالک سے تعلق رکھنے والے 450 سے زائد امدادی کارکنان اور انسانی حقوق کے علمبردار شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کارکنوں کا ’’واحد جرم‘‘ یہ تھا کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری امداد پہنچانے کے مشن پر نکلے تھے۔ شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام تک بلا تعطل امداد پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ امداد ہر حال میں مستحق عوام تک پہنچنی چاہیے اور اسرائیلی بربریت کو فوری طور پر روکا جانا ضروری ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔
ادھر ترکیہ نے بھی فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو ’’دہشت گردی‘‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی بحریہ نے حال ہی میں صمود فلوٹیلا کی کئی کشتیوں پر دھاوا بول کر انہیں تحویل میں لیا اور ان میں سوار امدادی کارکنان کو اسرائیلی بندرگاہ منتقل کر دیا، جس کے بعد دنیا بھر سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔