اردو ٹریبیون (لایور ڈیسک)

ایوانِ صدر میں جمعرات کو ایک شاندار تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر مسلح افواج اور سیاسی قیادت کو اعلیٰ سول و عسکری اعزازات سے نوازا۔

فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر کو جنگی حکمتِ عملی اور قیادت کے اعتراف میں ہلالِ جرأت جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی محاذ پر شاندار کارکردگی پر ہلالِ جرأت دیا گیا۔

بحری سرحدوں کے تحفظ پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستارہ بسالت جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ، ائیر وائس مارشل محمد اورنگزیب اور رئیر ایڈمرل شہزاد حامد کو تمغہ بسالت عطا ہوا۔

سیاسی قیادت میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، بلاول بھٹو زرداری، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ سمیت متعدد وزرا اور رہنماؤں کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔

وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز کو معرکہ حق میں صحافتی خدمات پر تمغہ امتیاز دیا گیا۔