اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے دوران پاکستان کے قومی جانور مارخور کے شکار کا پرمٹ ریکارڈ 10 کروڑ روپے میں نیلام ہوا۔ استور مارخور کے شکار کا سب سے مہنگا پرمٹ نانگا پربت کنزروینسی ایریا کے لیے 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر میں شکار سفاریز کے مالک نے حاصل کیا۔
نیلامی کی یہ تقریب فاریسٹ، پارکس اینڈ وائلڈ لائف کمپلیکس گلگت میں منعقد ہوئی جس میں ملکی و غیر ملکی شکاریوں، ماہرینِ جنگلی حیات اور منتظمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر نہ صرف مارخور بلکہ دیگر نایاب جانوروں کے شکار کے پرمٹس بھی پیش کیے گئے۔
حکام کے مطابق شکار سیزن 2025-26 کے لیے مجموعی طور پر 118 جانوروں کے شکار کے پرمٹس نیلام کیے گئے، جن میں 4 استور مارخور، 100 ہمالیائی آئی بیکس اور 14 بلیو شیپ شامل ہیں۔
محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹیز کو دیا جاتا ہے تاکہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ، مقامی ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر خرچ کریں۔
ماہرین کے مطابق اس بار مارخور کے شکار کا پرمٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت ہونا نہ صرف ایک تاریخی ریکارڈ ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ دنیا بھر میں گلگت بلتستان کی جنگلی حیات کو کس قدر قیمتی اور منفرد سمجھا جاتا ہے۔