اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث قومی و صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات ملتوی کر دیے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 66 وزیرآباد، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 129 لاہور اور این اے 143 ساہیوال میں ضمنی الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال میں بھی انتخابات موخر کر دیے گئے ہیں۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہے، سرکاری و نجی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ کئی اسکول عمارتیں تباہ ہوئی ہیں جو پولنگ اسٹیشنز اور الیکشن ریکارڈ کے لیے استعمال ہونا تھیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولنگ اسٹاف اس وقت ریلیف و ریسکیو آپریشنز میں مصروف ہیں، جس کے باعث انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ سیلاب سے متاثرہ حلقوں کے بے گھر ووٹرز بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے قابل نہیں رہے۔
کمیشن نے وضاحت دی کہ پنجاب حکومت اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی سفارش پر عوامی مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملتوی کیے گئے انتخابات کا انعقاد حالات معمول پر آنے کے بعد دوبارہ کیا جائے گا۔