اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق بھارتی گجرات پر موجود ہوا کا کم دباؤ ڈیپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے اثرات سندھ کے کئی اضلاع پر مرتب ہوں گے۔
کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، جام شورو اور ٹھٹہ سمیت دیگر شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندر میں شدید طغیانی کے باعث ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی دی ہے۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔