اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

موسلا دھار بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج دوپہر 12:30 بجے ڈیم کے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔ اس اقدام کے بعد دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک متوقع ہے۔

انتظامیہ کی ہدایات

این ڈی ایم اے نے دریائے سندھ کے کنارے اور ملحقہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ

  • آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
  • مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔
  • کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری اطلاع دیں۔

مزید یہ کہ این ڈی ایم اے نے اس فیصلے کے بارے میں تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔