اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

 معروف پاکستانی اداکارہ انوشے عباسی نے بالآخر اپنی شادی ٹوٹنے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ 2019 میں ہی اپنے شوہر اینان عارف سے طلاق لے چکی تھیں۔

اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ گزشتہ چھ سال سے سنگل ہیں، تاہم والدہ کی شدید علالت کے باعث انہوں نے اس خبر کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا۔ انوشے کے مطابق وہ نہیں چاہتی تھیں کہ کوئی ان کی والدہ سے اس موضوع پر سوال کرے اور انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑے۔

انوشے عباسی نے 2014 میں سابق کرکٹر مرحوم تسلیم عارف کے بیٹے اور اداکار اینان عارف سے شادی کی تھی، مگر یہ رشتہ صرف پانچ برس ہی چل سکا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اپنی والدہ کے انتقال (2021) کے بعد انہوں نے زندگی کے ایک مشکل دور کا سامنا کیا، تاہم خاندان نے ایک دوسرے کا سہارا بن کر یہ وقت گزارا۔

انوشے کے مطابق ان کے والد 2012 میں ہی انتقال کر گئے تھے، اور والدہ کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بہن بھائی ایک دوسرے کے مزید قریب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اس حقیقت کو قبول کر چکی ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

اداکارہ نے اس انکشاف کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی کے ایک اہم باب کو بند کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب مطمئن اور خوش ہیں۔