اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ماہ کی جڑواں نومولود بہنیں نور فاطمہ اور ایمان فاطمہ مشتبہ حالات میں جان کی بازی ہار گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچیوں کو مبینہ طور پر زہریلی یا تیزابی چیز پلائے جانے کا خدشہ ہے، جس نے علاقے کو غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

والدین کے مطابق 30 اگست کو آپریشن کے ذریعے پیدا ہونے والی دونوں بچیوں میں سے نور فاطمہ پیدائش کے محض 13 دن بعد انتقال کر گئی، جبکہ ایمان فاطمہ کی طبیعت اچانک بگڑنے پر اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ بھی جانبر نہ ہو سکی۔

سول ہسپتال شجاع آباد میں ایمان فاطمہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس اور میڈیکل ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی یا تیزابی چیز کے استعمال کا قوی شبہ ہے۔ واقعے کی اصل نوعیت جاننے کے لیے فرانزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے والد عاقب خان کی مدعیت میں ایمان فاطمہ کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے اور نور فاطمہ کی موت کی الگ سے تفتیش کا عندیہ دیا ہے۔ ابتدائی طور پر حکام کا کہنا ہے کہ یہ اندوہناک واقعہ گھریلو رنجش یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے، تاہم حتمی نتیجہ فرانزک شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگا۔