اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے جنگی بیانیے پر سخت ردِعمل دیا اور کہا کہ کھیل کو جنگ سے جوڑنا مایوسی کی علامت ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ اگر جنگ فخر کا پیمانہ ہے تو تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کو ہمیشہ پاکستان کے ہاتھوں شکست اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور کسی کرکٹ میچ کے نتیجے سے یہ حقیقت نہیں بدلے گی۔

ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں بھارتی ٹیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں انعامی تقریب طویل تاخیر کا شکار ہوئی اور بالآخر ٹرافی دیے بغیر ہی اختتام پذیر ہوئی۔

بھارتی کھلاڑی تلک ورما اور شیوام دوبے نے صرف انفرادی ایوارڈ وصول کیے جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز دیے گئے۔ لیکن جب ٹرافی میدان میں لائی گئی تو بھارتی ٹیم کے انکار کے باعث واپس بھیج دی گئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نمائندے دیواجیت سیکیا نے اعتراف کیا کہ انکار کی واحد وجہ یہ تھی کہ ٹرافی پاکستان کے وفاقی وزیر اور اے سی سی چیئرمین محسن نقوی کے ہاتھوں دی جا رہی تھی۔ اس ہٹ دھرمی کے باعث بھارتی ٹیم بغیر ٹرافی اور چیمپئن کے بورڈ کے گروپ فوٹو کھنچوانے پر مجبور ہوئی اور کھلاڑیوں نے ہاتھوں کے اشاروں سے ’’فرضی ٹرافی‘‘ اٹھانے کی اداکاری کی۔

ماہرین کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کھیل کو سیاست اور جنگی بیانیے کے تابع کرتے ہوئے ایک بڑی ٹیم نے ایوارڈ تقریب کا بائیکاٹ کیا، جو بھارتی حکومت کے جنگی جنون کی عکاسی کرتا ہے۔