اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

پاکستان کی مقبول اداکارہ ماورا حسین نے اپنے حاملہ ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران ماورا حسین کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اندازہ لگایا کہ اداکارہ امید سے ہیں۔ تاہم ماورا نے انسٹاگرام پر اسی تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ مداح افواہوں پر یقین نہ کریں اور انہیں آگے نہ پھیلائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا:
“میں اس وقت اپنی زندگی کے خوبصورت اور محبت بھرے دور میں ہوں۔ براہ کرم مجھے اور میرے شوہر کو ان لمحات کا لطف اٹھانے دیں۔”

یاد رہے کہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی رواں سال فروری 2025 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ ان کی شادی کی تقریبات اور تصاویر نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی وائرل ہوئیں اور مداحوں کی جانب سے بے پناہ محبت حاصل کی۔