اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی پولیس نے 9 مئی کے کیسز میں حراست میں لے لیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق شیر شاہ خان کو باضابطہ طور پر 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں نامزد کر کے گرفتار کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ شیر شاہ اپنے والد کے ہمراہ عدالت سے واپس آرہے تھے جب سادہ کپڑوں میں اہلکاروں نے ان کی گاڑی کو روکا اور انہیں زبردستی حراست میں لے لیا۔ ان کے مطابق گرفتاری کا انداز کل کے واقعے سے مماثل تھا جب علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہ ریز عظیم کو بھی اچانک پکڑا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہ ریز عظیم کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے شاہ ریز کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔

وکیلِ صفائی سلمان اکرم راجا نے مؤقف اپنایا تھا کہ شاہ ریز کو 27 ماہ بعد بے بنیاد طور پر ملوث کیا گیا جبکہ وہ اس دوران چترال میں موجود تھے۔ تاہم پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دیگر کیسز میں بھی ان کا نام شامل ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شاہ ریز عظیم کو جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کا حکم دیا۔