اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

راولپنڈی میں ڈیڑھ ماہ کی خشک سالی کے بعد جمعرات کو موسم سرما کی پہلی موسلا دھار بارش برسی جس سے شہر کی سڑکوں پر جل تھل ہو گئی اور فضا خوشگوار ہو گئی۔ صبح سویرے گھنے سیاہ بادل چھا گئے اور تیز بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے سردی میں نمایاں اضافہ کر دیا۔

شہر کے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد میں بھی علی الصبح تیز بارش اور چند علاقوں میں ژالہ باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات گئے باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں بھی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دیر، چترال، پشاور، مردان کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔