اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی اتحاد، خودمختاری کے تحفظ اور ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برس پاکستان نے چیلنجز کے باوجود ہر شعبے میں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے رواں برس بھارت کے ساتھ ’معرکہ حق‘ میں کامیابی کو آزادی کے تقدس کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے فولادی عزم سے دشمن کے غرور کو توڑ ڈالا۔

انہوں نے عوامی فلاح کے اقدامات، بجلی کے نرخوں میں کمی اور معاشی استحکام کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے سیاسی قوتوں کو اتحاد اور “میثاقِ استحکام پاکستان” میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فتح غیر متزلزل عزم اور قومی یکجہتی کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مسلح افواج نے بانیانِ پاکستان اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خودمختاری، آئین کی پاسداری اور ترقی کے لیے عزم دہرانے کا اعلان کیا۔

یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی۔ تقریب میں وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام، ارکان پارلیمان اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔