اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

پاکستان فلم انڈسٹری کی ماضی کی معروف اداکارہ نشو بیگم نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق حیران کن انکشافات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کی تین شادیاں ہو چکی ہیں، جبکہ چوتھی شادی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر بھی وضاحت دے دی ہے۔

اداکارہ کا ایک حالیہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں انہوں نے اپنی پہلی شادی کو “بے وقوفی” قرار دیا۔ نشو بیگم کا کہنا تھا کہ “سعودی عرب جیسے ملک میں عورتوں کی دس دس شادیاں ہو جاتی ہیں لیکن ہمارے ہاں نکاح کو مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ شادی کا تعلق عمر سے نہیں بلکہ تقدیر سے ہے، اور اگر قسمت میں ہوئی تو چوتھی شادی بھی کرلیں گی۔

“میرے بچوں کو میری شادی سے کوئی مسئلہ نہیں، بیٹا کہتا ہے کہ امی شادی کریں لیکن کوئی بیوقوفی مت کیجیے گا۔”

نشو بیگم کی پہلی شادی امام ربانی سے 1970 میں ہوئی تھی، لیکن یہ تعلق صرف 11 ماہ برقرار رہا۔ اسی شادی سے ان کی بیٹی، اداکارہ صاحبہ ہیں۔

دوسری شادی انہوں نے معروف شاعر تسلیم فاضلی سے 1978 میں کی، لیکن 1982 میں وہ 32 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

1986 میں نشو بیگم نے فلم ساز و ہدایت کار کاظم پاشا سے شادی کی جو 2019 میں عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس وقت وہ زندگی کو انجوائے کر رہی ہیں اور موصول ہونے والی شادی کی پیشکشوں کو مسترد کر رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اللہ نے ان کے مقدر میں چوتھی شادی لکھی ہے تو وہ ضرور ہوگی۔

نشو بیگم نے مزید کہا کہ پاکستان میں نکاح کو بلاوجہ مسئلہ بنا دیا گیا ہے جبکہ دین اسلام میں اس کی اجازت موجود ہے۔