اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

معروف فلمی اداکارہ ریشم نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقے قصور کا خصوصی دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ قصور کے تعاون سے دو مختلف مقامات پر سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔

اداکارہ ریشم نے سب سے پہلے ڈی پی ایس اسکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے درمیان راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اہم نمائندے ایڈمنسٹریٹر محمد جہانگیر چوپڑا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

بعد ازاں ریشم نے سرحدی گاؤں شیخوپورہ نو کا بھی دورہ کیا اور مزید متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ اداکارہ نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں سب کو آگے بڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ جلد اپنی معمول کی زندگی میں واپس لوٹ سکیں۔

یہ اقدام مقامی لوگوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنا اور متاثرین نے اداکارہ ریشم اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔