وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے

امریکا میں اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، معاشی تعاون اور سرمایہ کاری پر بات چیت متوقع

اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیراعظم اجلاس کے باضابطہ آغاز کی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ امریکا اور قطر کی میزبانی میں ہونے والے عرب و اسلامی ممالک کے خصوصی سربراہی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کئی عالمی رہنما موجود ہوں گے۔ وزیراعظم کو اس اجلاس میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کا شیڈول نہایت مصروف ہے۔ وہ آسٹریا کی چانسلر کرسٹینا اسٹاکر، کویت کے ولی عہد و وزیراعظم شیخ صباح الخالد، عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف جی ڈی آئی کے اعلی سطح اجلاس میں بھی شریک ہوں گے جہاں وہ پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے ترقیاتی اہداف پر خطاب کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے اور اقتصادی مواقع حاصل کرنے کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں