اردو ٹریبون )اوسلو- ناروے) ناروے نے نیپال میں سوشیلا کارکی کو عبوری وزیرِاعظم مقرر کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے ملک میں استحکام اور جمہوری عمل کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
ناروے کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارکی نیپال کی تاریخ میں پہلی خاتون ہیں جو وزیرِاعظم کے منصب پر فائز ہوئی ہیں۔ بیان کے مطابق، ان کی تقرری کو ایک ایسے وقت میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جب حالیہ دنوں میں ملک کو المناک واقعات اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہا۔
وزارتِ خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناروے پرامن اور شمولیتی سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گا، تاکہ نیپال جلد از جلد شفاف اور جمہوری انتخابات کی طرف بڑھ سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ناروے عبوری حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا خواہاں ہے اور وہ نیپال کے دیرینہ شراکت دار کے طور پر ملک کی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔