اوسلو ٰٰٰ(اردو ٍ ٹریبون ٰ ) ناروے میں رواں برس کا پارلیمانی الیکشن 08 ستمبر 2025 کو منعقد ہو رہا ہے، جو 2025 سے 2029 تک کے چار سالہ پارلیمانی دور کے لیے 169 اراکین کا انتخاب کرے گا۔ یہ الیکشن ملک بھر کے 19 حلقوں میں پارٹی فہرست کے تناسب سے نمائندگی کے نظام کے تحت ہوں گے، جہاں ہر حلقے کو کم از کم 4 نشستیں دی گئی ہیں، جبکہ آبادی اور جغرافیائی رقبے کے تناسب سے نشستیں تقسیم کی جائیں گی۔
الیکشن کے عمل کے تحت 150 نشستیں براہ راست حلقوں سے جبکہ 19 نشستیں توازن کے طور پر مختص کی گئی ہیں، جو قومی ووٹ کے 4 فیصد سے زائد حاصل کرنے والی جماعتوں کو دی جائیں گی۔ ابتدائی ووٹنگ 11 اگست سے 5 ستمبر تک جاری رہے گی، جبکہ انتخابی دن 08 ستمبر کو پیر کے روز حتمی ووٹنگ ہوگی، اور کئی بلدیات میں 07 ستمبر، اتوار کے روز بھی ووٹنگ کی سہولت میسر ہوگی۔ غیر ملکیوں اور سولبارڈ کے رہائشیوں کے لیے 01 جولائی سے 29 اگست تک سفارت خانوں اور مقررہ مراکز پر پیشگی ووٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
موجودہ سروے کے مطابق، لیبر پارٹی (Arbeiderpartiet) 26.5 فیصد کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ پروگریس پارٹی (Fremskrittspartiet) 21.7 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ دیگر جماعتیں جیسے کہ کنزرویٹو پارٹی (Høyre) 15.3 فیصد، سینٹر پارٹی (Senterpartiet) 6.1 فیصد، اور سوشلسٹ لیفٹ پارٹی (Sosialistisk Venstreparti) 6.1 فیصد کے ساتھ مقابلے میں ہیں۔ اس الیکشن میں مہنگائی، معاشی عدم مساوات، توانائی پالیسی، اور تارکین وطن کے مسائل اہم موضوعات کے طور پر زیر بحث ہیں۔
اس تناظر میں، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی (IRWS) نے ایک کامیاب سیاسی پروگرام کا انعقاد کیا، اس پروگرام کا مقصد مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے براہ راست ملاقات اور ان کے انتخابی ایجنڈوں پر تبادلہ خیال تھا، خاص طور پر ناردمين کمیونٹی کے ان افراد کے لیے جو مہاجر پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ پروگرام میں امریت کور (Ungdom)، میریل لیرلڈ (فور)، رامی سمندر (سوشلسٹ، ایس وی)، اور دیگر نمایاں رہنماؤں نے شرکت کی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی اور سیاسی بحث و مباحثے میں حصہ لیا اور سیاسی امیداروں سے سوالات کا سلسلہ جاری رہا۔ اسلام آباد راولپنڈی سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری، ڈاکٹر راجہ خرم اقبال نے اردو ٹریبون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام انتخابی عمل میں کمیونٹی کی شرکت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اور مستقبل میں اسی طرح کے تعلیمی و سماجی پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مزید تفصیلات کے لیے www.valg.no اور www.irws.no وزٹ کیا جا سکتا ہے۔