اردو ٹریبون (عامر لطیف بٹ – نور پاک میڈیا) سفارت خانہ پاکستان اوسلو میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر کونسلر (اتاشی) جناب آصف حمید کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے کی، جبکہ سفارت خانے کے افسران، عملے، مقامی مذہبی، سماجی و میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد آصف حمید کی تین سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا، جنہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو نہایت پیشہ ورانہ، ذمہ دارانہ اور مخلصانہ انداز میں اجاگر کیا اور ان کے حل کے لیے قابل قدر اقدامات کیے۔

سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پردیس میں جب اپنے دیس سے دور کوئی پاکستانی بستے ہیں تو سفارت خانہ اور اس کا عملہ ان کے لیے سہارا اور اپنائیت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے آصف حمید جیسے مخلص افسر کی موجودگی میں سفارت خانے اور کمیونٹی کے درمیان جو رشتہ قائم ہوا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف حمید کی خدمات نے سفارت خانے کو پاکستانی کمیونٹی میں ایک معتبر مقام دلایا۔ ان کی انتھک محنت اور کمیونٹی سے رابطہ سازی کی حکمت عملیوں نے نہ صرف عوام کا اعتماد حاصل کیا بلکہ کمیونٹی کو ایک متحرک قوت بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں محترمہ سفیر نے آصف حمید کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔

آصف حمید نے تقریب سے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ میں نے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور خلوص سے نبھائیں۔ اس دوران مجھے پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور محبت اور اعتماد حاصل رہا، جو میرے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔

تقریب کے دوران معزز مہمانوں کی جانب سے آصف حمید کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اسی موقع پر نئے تعینات ہونے والے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب محمد فراز کا خیر مقدم بھی کیا گیا۔ مہمانوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ بھی اسی جذبے سے کمیونٹی کی خدمت کریں گے۔

تقریب میں اسلامک کلچرل سنٹر ناروے کے سابق امام و خطیب مولانا حافظ محبوب الرحمن، سینٹرل جماعت اہلِ سنت کے خطیب محترم سید نعمت علی شاہ بخاری، فلاحی تنظیموں کے نمائندگان، مذہبی و سماجی راہنما، اور پاکستانی میڈیا کے نمائندے شریک ہوئے۔

آخر میں محترمہ سفیر پاکستان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes