اوسلو (اردو ٹریبون نیوز ڈیسک) ناروے کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی آسمُنڈ آؤکرسٹ نے جنوبی سوڈان میں امدادی کارکنوں کے اغوا کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق رواں سال اب تک 30 سے زائد امدادی کارکن اغوا کیے جا چکے ہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنی تعداد ہے۔ آسمُنڈ آؤکرسٹ نے کہا کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب مقامی آبادی پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

آسمُنڈ آؤکرسٹ نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، انسانی قوانین کا احترام کریں اور تنازعات کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امدادی کارکنوں کی حفاظت بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومتوں کو چاہیے کہ وہ شہری آبادی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں۔