اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی اور انسانی بحران کے خلاف ہالی ووڈ کی نامور اداکارائیں بھی کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جینیفر لارنس نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نسل کشی سے کم نہیں اور یہ بالکل ناقابل قبول ہے۔

اسی تناظر میں ہالی ووڈ اداکارہ ایما واٹسن نے کہا کہ غزہ میں مظالم پر بات کرنے والے لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، لیکن خاموشی اب مزید ممکن نہیں۔

دوسری جانب سپین میں منعقدہ سین سیبسٹن فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی نے کہا کہ وہ اپنے ملک امریکا سے محبت کرتی ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں وہ اسے پہچان نہیں پا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا عالمی نظریہ مساوات، اتحاد اور بین الاقوامی سوچ پر مبنی ہے، اور ہر وہ چیز جو آزادی اظہار رائے کو محدود کرے یا تقسیم پیدا کرے وہ نہایت خطرناک ہے۔

ان بیانات نے نہ صرف عالمی میڈیا میں نئی بحث کو جنم دیا ہے بلکہ فلسطینی عوام کے حق میں ہالی ووڈ کی اہم شخصیات کی آوازیں بھی دنیا بھر میں گونجنے لگی ہیں۔