اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
بیجنگ میں دوسری جنگِ عظیم کی فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس نے عالمی میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ پریڈ میں چین کے صدر شی جن پنگ، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ایک ساتھ وینیو میں داخل ہوئے۔ مبصرین کے مطابق یہ منظر ایشیائی طاقتوں کے اتحاد اور خطے میں بدلتے تزویراتی توازن کی علامت ہے۔
اس عظیم الشان پریڈ میں پاکستان کی اعلی سطح کی شرکت خطے میں اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ بھارتی وزیراعظم کو تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خطے میں نئی سیاسی و اسٹریٹیجک صف بندی کی عکاسی کرتا ہے۔
چین نے اس موقع پر نہ صرف جنگ عظیم دوم میں جاپان پر فتح کی یاد تازہ کی بلکہ اپنی بھرپور عسکری طاقت کا بھی مظاہرہ کیا۔ پریڈ کو روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے قریب سے دیکھا۔
یہ تقریب ماضی کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال کا بھی عملی اظہار ثابت ہوئی۔